Friday, April 27, 2018

رنبیر کپور کا پرستار بن گیا ہوں، امیتابھ بچن


ممبئی: 

کروڑوں دلوں پر حکمرانی کرنے والے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ وہ رنبیر کپور کے پرستار بن گئے ہیں۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق  بالی ووڈ پر راج کرنے والی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے مداح پوری دنیا میں موجود ہیں تاہم امیتابھ بچن خود کو بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کا مداح کہتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے رنبیر کپور کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ رنبیرکو ابھی سے نہیں بلکہ فلم ’’بلیک‘‘کے وقت سے جانتے ہیں، اس وقت رنبیر کپور بطور ہیرو فلموں میں نہیں آئے تھے بلکہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ بطوراسٹنٹ ڈائریکٹر کام کررہے تھے۔
امیتابھ بچن نے کہا رنبیر کپور کو خدا نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے وہ نہ صرف بہترین اداکار ہیں بلکہ بہت اچھے انسان بھی ہیں مجھے یاد ہے فلم ’’بلیک‘‘کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ رانی مکھرجی کے بچپن کا کردار کرنے والی ننھی اداکارہ کو رنبیر کپور نے ٹریننگ دی تھی جس کی وجہ سے وہ اتنی اچھی اداکاری کرسکی۔ میں یہ دیکھ کر رنبیر کپور سے بہت زیادہ متاثر ہوا۔

واضح رہے کہ رنبیر کپور اور امیتابھ بچن نے آج تک کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا مگر اگلے سال دونوں فلم ’’براہمسترا‘‘ میں نظرآئیں گے۔ فی الحال رنبیر کپور ان دنوں اپنی نئی فلم’’سنجو‘‘کے ٹیزر کی مقبولیت کا لطف اٹھارہے ہیں جس میں ان کی اداکاری کو میڈیا حلقوں کی جانب سے بے حد پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔