Wednesday, April 25, 2018

کیا سنجے دت کے بعد رنبیر کپورکی زندگی پر بھی فلم بنے گی ؟


ممبئی: 
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے سنجے دت کی زندگی پر فلمائی گئی فلم کے بعد اپنی زندگی پر مبنی فلم سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔

بالی ووڈ میں چاکلیٹی ہیرو کے نام سے پہچانے جانے والے رنبیر کپور اداکاری کی میدان میں خدا داد صلاحتیوں کے مالک ہیں جو ہرکردار کو بخوبی سرانجام دیتے ہیں جس کی مثال ’روک اسٹار اور ’تماشہ‘ جیسی فلمیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم کے لئے رنبیر کو چنا گیا جس کے بعد رنبیر نے اپنی زندگی پر مبنی فلم سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے نامور اداکار رنبیر کپور کا اپنی زندگی پر مبنی فلم سے متعلق کہنا تھا کہ ’میں اپنی فلم کے لئے تیار ہوں لیکن میری زندگی کوئی متاثر کن نہیں کیوں کہ میں ایک انتہائی بورنگ شخص ہوں اگر بگ باس کے گھر کی طرح ہر جگہ میرے ارد گرد کیمرے نصب کردیئے جائیں تو اندازہ ہو جائے گا کہ میں صرف کام کرتا ہوں اور پھر سیدھے گھر آجاتا ہوں اور میری زندگی میں کچھ نہیں۔
رنبیر نے مزید کہا کہ  اگر کوئی میری زندگی پر فلم بنانا چاہتا ہے تو خوشی سے بنائے مجھے کوئی اعتراض نہیں لیکن میرا نہیں خیال کہ یہ فلم کامیاب ہوگی یہ اس سے کوئی پیغام جائے گا۔
واضح رہے کہ رنیبر کپور ان دنوں کرن جوہر کی فلم ’براہمسترا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے مدمقابل عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کریں گی جب کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس میں رنبیر کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔