ممبئی:
بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم “سنجو” کے پہلے ٹیزر نے ریلیز کے ساتھ ہی تہلکہ مچادیا ہے۔
اداکار سنجے دت کی زندگی ابتدا ہی سے کئی اتار چڑھا ؤ اور نشیب و فراز کا شکار رہی ہے ۔ سنجے دت نے اپنے عروج کے دور میں جیل کی ہوا بھی کھائی ہے اورنشے کی لت میں بھی مبتلا رہے ہیں، کیریئر کی ابتدا میں ان کے بالی ووڈ کی نامور اداکاراؤں جن میں مادھوری ڈکشٹ شامل ہیں سے معاشقے بھی رہے، انہوں نے جیل سے رہائی کے بعداپنے کیے پر معافی بھی مانگی اور شرمندہ بھی ہوئے ۔ سنجے دت کی زندگی کسی فلم سے کم نہیں یہی وجہ ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے ان کی دلچسپ زندگی پر فلم بنانے کی ٹھانی جس میں سنجے دت کے مرکزی کردار کیلئے رنبیرکپور کا کاسٹ کیا۔
اس فلم کا انتظار سنجے دت کے مداحوں کے ساتھ بالی ووڈ کے دیگرفنکار بھی بے چینی سے کررہے ہیں۔ تاہم اب ان کا انتظار ختم ہوا فلم کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے۔ ٹیزر ابتدا ہی سے انتہائی دلچسپ اور شاندار ہے ، ٹیزر کے شروع میں سنجے دت کو جیل سے نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے بعد ازاں ان کی زندگی کی وہ جھلک دکھائی گئی جب وہ 22 سال کے تھے اور نشے کی لت میں مبتلا تھے۔ رنبیر کہتے نظر آتے ہیں کہ نشے کی لت کے باعث ڈاکٹروں نے جواب دے دیا تھا لیکن پھر ایسی باڈی بنائی کہ لوگ عظیم باکسر محمد علی سے موازنہ کرنے لگے۔
ایک سین میں رنبیر چارٹرڈ پلین میں سفر کرتے نظر آئے دوسرے ہی سین میں سڑک پر بھیک مانگتے ہوئے، ٹیزر میں انہیں عالیشان ہوٹلوں میں رہائش پزیر دکھایا گیا جب کہ اگلے ہی پل جیل کی کال کوٹھری میں یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ یہاں کب دن ہوتا تھا اور کب رات کچھ پتہ نہیں چلتا تھا۔
ایکشن کامیڈی اور مزاح سے بھرپور ایک منٹ 25 سیکنڈ کے ٹیزر میں راجکمار ہیرانی نے سنجے دت کی پوری زندگی بیان کردی۔ جب کہ رنبیر کپور سنجے دت کے روپ میں بالکل پہچانے نہیں جارہے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یہ کردار رنبیر کپور کے کیریئر کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوگا جو ان کے کیریئر کو آسمان کی بلندیوں تک لے جائے گا۔
فلم میں رنبیر کپور کے علاوہ دیگر کاسٹ میں اداکارپاریش راول، منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما، دیامرزا شامل ہیں، ایکشن ،کامیڈی اور ٹریجیڈی سے بھرپور فلم ’’سنجو‘‘رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔