ملتان:
خواجہ سرا مہک ملک نے تھیٹر پر 8 دن کی پرفارمنس کے عوض 23 لاکھ روپے کا معاہدہ کرکے نامی گرامی فنکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
پاکستانی ثقافت میں اسٹیج اور تھیٹر کو آرٹ کے شعبے میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے، پاکستانی تھیٹر 2 ادوار پر مشتمل ہے۔ ایک دور میں اچھی اداکاری اور معیاری مزاح نگاری کے حوالے سے قوی خان، انور مقصود، معین اختر، عمر شریف، سہیل احمد، امان اللہ، مستانہ، ببوبرال، افتخار ٹھاکر اور بے شمار فنکاروں نے ملک اور بیرون ملک کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے۔
دوسرے دور میں ان اداکاروں کی جگہ ڈانسر نے لے لی جن میں دیدار، نرگس، خوشبو، حنا شاہین، ندا چوہدری اور دیگر شامل ہیں لیکن اب تھیٹر پر سب سے زیادہ معاوضہ لینے کے لحاظ سے جنوبی پنجاب کے شہر کوٹ ادو سے تعلق رکھنے والے خواجہ سرا مہک ملک نے بڑی بڑی فنکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مہک ملک کا پروڈیوسر وحید ڈوگر کے ساتھ عید کے موقع پر8 دن کی پرفارمنس کے لیے 23 لاکھ روپے کا معاوضہ طے ہوا ہے جو کہ کسی بھی فنکارہ کے اب تک کے معاوضے سے کہیں زیادہ ہے۔ مہک ملک سوشل میڈیا اور یوٹیوب پرسب سے مقبول ڈانسر ہیں۔