لاہور:
اداکارہ وماڈل لیلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بننے والی فلموں کو ہم مکمل فلم تونہیں کہہ سکتے لیکن جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوکام کیا جارہا ہے اس سے ہماری فلم کے معیار میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔
’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے لیلیٰ نے کہا ہے کہ ایک نوجوان جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تواس کے کچھ ٹارگٹ ہوتے ہیں اورآگے بڑھنے کے لیے وہ کسی نہ کسی سے متاثر بھی ہوتا، جس کوسامنے رکھتے ہوئے وہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوںکا لوہا منواتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں جب ایک فنکارکسی ٹی وی ڈرامہ میں مقبول ہوجائے توپھر اس کوٹی وی تک ہی محدود رہنے دیا جاتا ہے۔
لیلیٰ نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کسی کواچھا مقام مل جائے توپھروہ ٹی وی پرکام کرنے کوترجیح نہیں دیتا۔ حالانکہ ایک فنکارکوفنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنا چاہیے۔ کیونکہ فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنے سے کوئی بھی فنکاربڑا یا چھوٹا نہیں ہوتا بلکہ یہ اس کی تربیت کا ایک ایسا حصہ ہوتا ہے، جس کو سمجھنا بے حد ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنا فنی سفرفلم انڈسٹری سے شروع کیا، لیکن پھرمیں نے تھیٹراورٹی وی پربھی کام کیا اوریہ سلسلہ جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں لیلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں اچھی اورمعیاری فلموں کا دورواپس آرہا ہے، اسی لیے میں بھی ان دنوں شمالی علاقہ جات میں کچھ نئے پراجیکٹس کی شوٹنگز میں مصروف ہوں۔ جہاں تک بات ان کی تفصیلات کی ہے توفی الوقت ان کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتی لیکن اتنا بتا سکتی ہوں کہ یہ پراجیکٹس آنے والے دنوں میں پاکستانی فلم اورسینما انڈسٹری کی بحالی اورترقی میں اہم کردارادا کریں گے۔