Wednesday, April 25, 2018

فضا علی نے شوبز کو خیر باد کہہ دیا، تمام معاہدے منسوخ کر دیے



لاہور: 

 معروف اداکارہ وماڈل فضاء علی نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔

اداکارہ و ماڈل فضاء علی نے اپنے فنی سفرکا آغاز کراچی سے بطورماڈل کیا۔ ماڈلنگ کے دوران جہاں بہت سے برانڈز کے فوٹوشوٹ کیے ، وہیں وڈیوز کے علاوہ ریمپ پرکیٹ واک کرتی بھی دکھائی دیں۔ ماڈلنگ میں نمایاں مقام ملنے کے بعد انھیں ٹی وی میں کام کرنے کی آفرز کا سلسلہ شروع ہوا، جس پرانھوں نے فیشن انڈسٹری کوپیچھے چھوڑ کرٹی وی ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا۔
فلم انڈسٹری کے مایہ نازہدایتکار جاوید فاضل کی ڈرامہ سیریل ’’مہندی‘‘ میں مرکزی کردارنبھایا اوران کے کردارکوخوب شہرت حاصل کی۔ فضاء علی کے مقبول ڈراموں میں ’’ لگن، اپنے ہوئے پرائے، پیاری شموں، احساس، شیشے کا محل، یادیں، کانپورسے کٹاس تک ، وہ صبح کب آئے گی، موم، چنری، راجر، لولائف اورلاہور، دشت محبت، زندگی کی راہ میں ، صراط مستقیم، سات سررشتوں کے، سسرال گیندا پھول، آواز، محبت وہم ہے، زرا سی غلط فہمی، مورمحل، شام ڈھلے اورناگن ‘‘ شامل ہیں۔
اداکاری کی بھرپوراورکامیاب اننگز کے ساتھ ساتھ فضاء علی نے جہاں بطورمیزبان اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھائے، وہیں بطورگلوکارہ گیت بھی ریکارڈ کیے۔ تاہم بطورگلوکارہ انھیں وہ پذیرائی نہ مل سکی، جواداکاری، میزبانی اورماڈلنگ میں ملی تھی۔


فضاء علی نے 2007ء میں فواد فاروق نامی بزنس مین سے شادی کی، جس میں سے ان کی ایک بیٹی ہوئی، لیکن 2017ء میں فضاء علی نے سوشل میڈیا پراپنانام اچانک تبدیل کرکے فضاء قمر رکھ لیا، جس پریہ افواہ گردش کرنے لگی کہ ان کی طلاق یا شوہر سے علیحدگی ہوگئی ہے لیکن اس موقع پرانھوں نے اس خبرکی تردید کی تھی۔
اس حوالے سے جب فضاء علی سے رابطہ کیا گیا توانھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ انھوں نے شوبز کی دنیا کوچھوڑ دیا ہے لیکن شوبز چھوڑنے کی وجوہات کی تفصیلات فی الوقت نہیں بتا سکتی۔