Saturday, May 5, 2018

اثاثہ جات کیس میں پرویزمشرف کے خلاف نیب کی بڑی پیش رفت


لاہور: 
آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق صدر پرویز مشرف و دیگر کے خلاف نیب کی بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب)نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئےمشرف اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے نام جائیدادوں کا سراغ لگانا شروع کر دیا۔ نیب راولپنڈی نے سابق صدر کی لاہور میں موجود پراپرٹی کی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ لکھ دیا۔
مراسلے میں نیب راولپنڈی نے سابق صدر پرویز مشرف، ان کی اہلیہ صہبا مشرف، بیٹی عالیہ رضا و دیگر کے نام لاہور میں جائیدادوں کی ملکیت کا ریکارڈ فراہم کرنے کا کہا ہے۔ نیب کی جانب سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ریونیو لاہور کو لکھے گئے خط میں 9 مئی تک پرویز مشرف ودیگر کے ریکارڈ فراہم کرنے ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت ہونے والے نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت دیگر شخصیات کے خلاف انکوائری  کی منظوری دی گئی تھی۔ سابق صدر پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔