اتر پردیش:
بھارت میں ایک خاتون کو سانپ نے ڈس لیا تو ایک سپیرے نے علاج کے لیے اسے گوبر میں رکھنے کی تجویز دی جس کے بعد وہ خاتون گوبر کی وجہ سے دم گھٹنے کے سبب ہلاک ہوگئی۔
بھارت کے ایک دیہات میں دیوندری نامی خاتون آگ جلانے کے لیے لکڑیاں چن رہی تھی کہ ایک سانپ نے اسے ڈس لیا جس کے بعد اس کے پریشان حال شوہر مکیش نے اسے مورارے نامی ایک سپیرے کے مشورے پر گائے کے گوبر تلے دبا دیا۔
سپیرے کا مشورہ تھا کہ گوبر سانپ کا سارا زہر چوس لے گا اور اس کی بیوی اچھی ہوجائے گی لیکن 75 منٹ تک گوبر میں دبے رہنے سے خاتون کا انتقال ہوگیا۔
اترپردیش میں واقع بلند شہر کے نواحی گاؤں کے لوگ جب مکیش کے گھر پہنچنے تو انہوں نے دیکھا کہ 35 سالہ دیوندری گائے کے گوبر میں مکمل طور پر دبادی گئی تھی اور سپیرا اس کے پاس بیٹھا منتر پڑھ رہا تھا۔ یہ عمل سوا گھنٹے تک جاری رہا لیکن گوبر میں دبے رہنے سے اس کا دم گھٹ گیا اور وہ ہلاک ہوگئی۔
مکیش نے اپنی بیوی کے انتقال پر کہا کہ’ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ وہ مر جائے گی۔‘
اس واقعے پر سپیرے نے کہا کہ وہ ایک عرصے سے گاؤں میں سانپ اور زہریلے جانوروں کے کاٹے کا علاج کررہا ہے خاتون کی ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں۔