Saturday, May 5, 2018

ماہرہ خان کانز فلم فیسٹیول میں ڈیبیو کیلئے تیار





اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بین الاقوامی فلم فیسٹیول کانز کے ریڈ کارپٹ پر دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات جلوہ گر ہوتی ہیں، جن میں اب پاکستان کی کامیاب اداکارہ ماہرہ خان کا نام بھی جڑ چکا ہے۔ماہرہ خان بہت جلد کانز فلم فیسٹیول کے --> ریڈ کارپٹ پر میک اپ اینڈ ہیئر برینڈ لوریل پاکستان کو پیش کرتی نظر آئیں گی۔خیال رہے کہ ماہرہ خان وہ واحد اداکارہ ہیں جو پاکستان میں لوریل برینڈ کی سفیر بنیں۔کانز ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہونے کے حوالے سے اپنے اسٹائل پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ ’مجھے یقین ہے اس دوران میں اپنے بال کھلے رکھوں گی، کیوں کہ میں لوریل پاکستان ہیرکیئر کے ساتھ جڑی ہوئیں ہوں، لیکن میں نے اب تک اس بات کا فیصلہ نہیں کیا کہ میں کیا پہنوں گی، شاید کچھ مشرقی انداز اپناؤں، یا پھر کچھ مغربی طرز کا جوڑا زیب تن کروں گی، میں بےحد پرجوش ہوں لیکن ابھی کچھ طے نہیں کیا‘۔واضح رہے کہ کانز فلم فیسٹیول کا شمار دنیا کے سب سے بڑے فلم فیسٹیولز میں کیا جاتا ہے اس لیے اس میں شرکت کرنا یقیناً کسی بھی اداکار کے لیے بہت بڑا لمحہ ہوگا۔لوریل میک اپ برینڈ گزشتہ دو دہائیوں سے اس فیسٹیول کا حصہ ہے جس کا مقصد خوبصورتی اور سینما کو ساتھ جوڑنا رہا ہے۔خیال رہے کہ کانز کے ریڈ کارپٹ پر لوریل میک اپ برینڈ کی جانب سے ہولی وڈ اداکارائیں جولین مور، جین فونڈ اور ایوا لانگوریا جلوے بکھیر چکی ہیں، جبکہ بولی وڈ اداکاراؤں میں ایشوریا رائے بچن، سونم کپور، کترینہ کیف اور دپیکا پڈوکون کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ماہرہ خان اس برینڈ کا حصہ بننے والی پہلی اداکارہ ہیں جو کانز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔اس حوالے سے اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’کانز ایک ایسا فیسٹیول ہے جس کا حصہ ہر اداکار بننا چاہتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ مجھے یہ موقع ملا، لوریل پیرس پاکستان تمام خواتین کو یہ موقع دیتا ہے کہ وہ اپنی قیمت کو سمجھیں، جب مجھے اس برینڈ کا سفیر مقرر کیا گیا، میں نے اس وقت بھی اپنی تقریر میں یہی کہا تھا کہ کسی کو بھی یہ اجازت نہ دیں کہ وہ ہماری شخصیت بیان کر سکے‘۔فیسٹیول کے دوران پوچھے جانے والے سوالات پر اپنی تیاری کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے اس بات کا ہمیشہ ہی اچھی طرح اندازہ رہتا ہے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کررہی ہوں، میں جہاں بھی ہوں میرا کام ہے کہ میں پوچھے جانے والے سوالات کا صحیح انداز میں جواب دوں اور میں یہاں بھی ایسا ہی کروں گی‘۔یاد رہے کہ کانز فلم فیسٹیول کا آغاز رواں ماہ 8 تاریخ سے ہوگا۔ماہرہ خان اس فیسٹیول کے علاوہ اپنی فلم ’سات دن محبت ان‘ میں بھی مصروف ہیں، جسے رواں سال عیدالفطر پر ریلیز کیا جائے گا