رواں ہفتے بالی وڈ سٹار انیل کپور کی بیٹی اور اداکارہ سونم کپور کی شادی سرخیوں میں رہی۔
حالانکہ اس شادی کے بارے میں کافی عرصے سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر باتیں ہو رہی تھیں لیکن سونم اور ان کے ہونے والے شوہر آنند آہوجہ کے گھر والوں نے کبھی بھی اس بارے میں بات نہیں کی۔
اسی ہفتے آٹھ مئی کو ان کی شادی ہے۔ سونم کو تو سب جانتے ہیں کہ وہ ایک کامیاب اداکارہ اور انیل کپور کی بیٹی ہیں لیکن آنند آہوجہ کون ہیں اور سونم سے ان کی ملاقات کب اور کیسے ہوئی شاید یہ کم ہی لوگ جانتے ہوں گے۔
تو آنند آہوجہ کون ہیں؟
آنند آہوجا کا تعلق دلی سے ہے اور وہ ایک بزنس مین ہیں۔ ان کا ایک مشہور کپڑوں کا برانڈ ہے اور انھوں نے انڈیا کا پہلا ملٹی برانڈ سنیکر بوتیک شروع کیا ہے۔
آنند کے دادا جی ملک کا سب سے بڑا ایکسپورٹ ہاؤس چلاتے ہیں۔ جس کا سالانہ ٹرن اوور تین ہزار کروڑ ہے اور دونوں کی ملاقات سنہ 2014 میں ہوئی تھی۔میرے خیال سے اتنی تفصیل کافی ہے۔
نیشنل ایوارڈز
انڈیا میں نیشنل ایوارڈز دینے اور لینے اور واپس کرنے کے حوالے سے گذشتہ سال بھی تنازعات سامنے آئے تھے لیکن رواں سال 65 ویں ایوارڈ تقریب میں تقریباً 68 لوگوں نے جنھیں یہ ایوارڈ ملنے والے تھے احتجاجاً اس تقریب کا بائیکاٹ کیا۔
دراصل یہ ایوارڈز صدر کی جانب سے دیے جاتے ہیں لیکن رواں سال کچھ ہی ایوارڈز صدر کے ہاتھوں دینے کا فیصلہ کیا گیا اور باقی ایوارڈ سمرتی ایرانی سمیت دیگر وزرا کے ہاتھوں دلوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
پھر کیا تھا 68 شخصیات نے وزیر اطلاعات ونشریات سمرتی ایرانی کے ہاتھوں ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا۔ ساس بہو سیریلز کی ’تلسی‘ یعنی سمرتی ایرانی یوں تو ساس بہو اور سازش والے کئی ڈرامے دیکھ اور کر چکی ہیں لیکن سیاسی سٹیج کا یہ ڈرامہ کئی بار ان پر بھاری پڑ جاتا ہے۔
موسیقار سلیم مرچنٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تنازع ہمیشہ سے ہی سیاسی محرکات پر مبنی ہوتا ہے۔
’چک دے‘، ’فیشن‘، ’قربان‘، ’رب نے بنا دی جوڑی‘، اور ’اقبال‘ جیسی فلموں میں میوزک ترتیب دینے والے سلیم مرچنٹ کا کہنا ہے موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔
بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے سلیم کہتے ہیں کہ سرحد پر جب فوجی ہلاک ہوتے ہیں تو اس سے دل دکھتا ہے لیکن جہاں تک پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تعلق ہے تو وہ ایک الگ بات ہے۔
یہ بھی پڑھیے
انکا کہنا ہے کہ ان دونوں ملکوں کے درمیان جو دراڑ پڑی ہے وہ گہری ہوتی جا رہی ہے اور یہ دراڑ کب ختم ہوگی یہ تو کہنا مشکل ہے ہاں امید کی جا سکتی ہے کہ ایک دن یہ کشیدگی ختم ہو اور ہم مل کر کام کریں۔
سلیم مرچنٹ نے امیتابھ بچن اور رشی کپور کی فلم '102 ناٹ آؤٹ' میں بھی تین گانے دیے ہیں۔ ویسے سلیم مرچنٹ کافی حوصلہ مند ہیں جو اِس دور میں پاکستان کے فنکاروں کا ذکر بھی چھیڑ رہے ہیں۔ لگتا ہے وہ پاکستان کا ٹکٹ کٹوانے کے موڈ میں ہیں!