ممبئی:
ماضی کی خوبرو اداکارہ کرشمہ کپور نے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان سے اپنے تعلق سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور کرشمہ کپور کو 90 کی دہائی کی بہترین جوڑی تصور کیا جاتا تھا اور دونوں نے انڈسٹری کو ’ انداز اپنا اپنا‘، ’بیوی نمبر ون‘ ، ’جیت‘ اور ’جڑواں‘ جیسی ہٹ فلمیں دیں جب کہ سلو میاں کرشمہ کی چھوٹی بہن کرینہ کپور کے ساتھ بھی بلاگ بسٹر فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’باڈی گارڈ‘ میں کام کرچکے ہیں لیکن کرشمہ کا کہنا ہے کہ وہ کرینہ کے نسبت سلمان خان کے زیادہ قریب ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے کرشمہ کپور کا کہنا تھا کہ میں نے سلمان خان کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا ہے اور ہمارے درمیان بہت طویل اور اچھے تعلقات رہے ہیں وہ میرے زیادہ قریب ہیں جب کہ کرینہ کپور کو وہ آج بھی بچی ہی سمجھتے ہیں اور اپنی چھوٹی بہن مانتے ہیں۔
مستقبل میں فلموں میں کام کرنے سے متعلق کرشمہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں انہوں نے ’بیوی نمبر ون‘ میں کام کیا تھا لیکن اب اگر کوئی ’ممی نمبر ون‘ بنانا چاہے تو وہ اس میں کام کرنا چاہیں گی کیوں کہ وہ اپنے بچوں سے بہت پیار کرتی ہیں اور لوگوں کو ماں کے پیار کے بارے میں بتانا چاہتی ہیں۔