Thursday, May 3, 2018

اولاد کے خواہشمند افراد یہ غذائیں ضرور کھائیں


لندن: 
بعض غذائیں جوڑوں میں بے اولادی ختم کرکے انہیں اولاد کی نعمت فراہم کرنے میں مدد کرسکتی ہیں۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک تحقیقی مقالہ امریکن جرنل آف آبسٹریٹرکس اینڈ گائناکولوجی میں شائع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بعض غذائیں جوڑوں میں بے اولادی ختم کرکے انہیں اولاد کی نعمت فراہم کرنے میں مدد کرسکتی ہیں۔
ڈاکٹر ہوزے شیوارو نے کہا کہ کئی لوگ غذاؤں اور تولید کے درمیان تعلق کو اہمیت نہیں دیتے لیکن اب گزشتہ 10 برس کی تحقیق کے بعد معلوم ہوا ہے کہ مرد ہو یا عورت ان کے اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت میں غذائیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ مثلاً ہم جانتے ہیں کہ سافٹ ڈرنکس عملِ تولید (ری پروڈکشن) کے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔
ان ماہرین نے چند اہم غذاؤں پر زور دیا ہے کہ جو لوگ اپنے گھر میں بچوں کی کلکاریاں سننا چاہتے ہیں وہ انہیں ضرور آزمائیں۔
سامن مچھلی
سامن میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی بڑی مقدار ہوتی ہے جو مرد اور عورت کے تولیدی نظام میں دورانِ خون کو تیز کرتی ہے۔ اس میں موجود بعض تیزاب جسمانی ہارمون کو بہتر بناتے ہیں اور مردانہ مادہ تولید کو بہتر کرتے ہیں۔
اگر سامن مچھلیاں دستیاب نہ ہوں تو دیگر اقسام کی چکنائی والی مچھلیوں میں بھی یہ پایا جاتا ہے اور اس کا دوسرا حل اومیگا تھری سپلیمنٹ بھی ہے جو پاکستان بھر میں دستیاب ہے۔ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دل اور دورانِ خون کے لیے بھی بہت مفید ثابت ہوچکے ہیں۔
پالک
پالک پاک وہند کی عام غذا ہے اور اس میں موجود فولیٹ اور وٹامن بی خواتین میں بیضے کی نشوونما کو بہتر بناتے ہیں جس سے اولاد کی پیدائش کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
اس میں موجود فولک ایسڈ خلوی تقسیم (سیل ڈویژن) اور ڈی این اے کی پیداوار میں مدد دیتا ہے اور صحتمند حمل میں مدد فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب فولاد، کیلشیئم اور دیگر ضروری اجزا بچے میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کی نشوونما کو بڑھاتے ہیں۔ پالک میں موجود کلوروفل خواتین میں جنسی رحجان بڑھاتا ہے اور ان کے مخصوص اعضا میں دورانِ خون تیز کرتا ہے۔
مکمل اناج
مکمل اناج یا ہول گرین کے فوائد آئے دن سامنے آتے رہتے ہیں۔ ان میں وٹامن کی کئی اقسام، وٹامن بی نائن یا فولک ایسڈ، اور وٹامن بی 12 بھی ہوتا ہے۔ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اولاد سے محروم جوڑوں میں اس وٹامن کی کمی بھی ہوتی ہے۔ مختصراً ہم کہہ سکتے ہیں کہ مکمل اناج تولید اور بچے کی پیدائش میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مکمل اناج کا دوسرا اہم جزو فائبر (ریشے) ہیں جو تولیدی ہارمون ایسٹروجن بڑھانے کے علاوہ خون میں شکر کی مقدار قابو میں رکھتے ہیں۔ اسی لیے اوٹ میل ، دلیے اور جو کو اپنی غذا کا حصہ ضرور بنائیں۔
پھلیاں اور لوبیا
سبزیوں میں رنگ برنگی پھلیاں اور لوبیا کسی نعمت سے کم نہیں ہیں۔ ان میں فولیٹ، فائبر اور پروٹین کی بڑی مقدار ہوتی ہے۔
ہارورڈ اسکول ہو بپلک ہیلتھ نے 17500 خواتین نرسوں کا جائزہ لیا جو ماں نہیں بن پارہی تھیں۔ ان میں سے جو خواتین جانوروں سے پروٹین حاصل کررہی تھیں ان میں بانجھ پن کا خطرہ 39  فیصد تھا جب کہ پودوں مثلاً لوبیا وغیرہ سے پروٹین لینے والی خواتین میں حمل ٹھہرنے کی مشکلات کی شرح کم تھی۔ لوبیا اور پھلیوں میں موجود فولاد دورانِ حمل خون کی کمی کو بھی دور کرتا ہے۔
ڈارک چاکلیٹ
گہرے رنگ کی چاکلیٹ کے ان گنت فوائد سامنے آچکے ہیں۔ اس میں ایل آرگینائن نامی امائنوایسڈ پایا جاتا ہے جو مردوں میں اسپرم کی تعداد اور حرکت کو بڑھاتا ہے۔ اس میں موجود کئی اجزا ڈپریشن کو دور کرتے ہیں اور دل کو تندرست رکھتے ہیں۔
گہرے رنگت والی چاکلیٹ تھوڑی کڑوی ہوتی ہے لیکن اس کی تاثیر بہت اچھی ہے کیونکہ یہ جسم میں دورانِ خون کو بہتر کرتی ہے۔ خون کی گردش بہتر ہونے سے جنسی اور تولیدی نظام بھی بہتر ہوتا ہے۔