Thursday, May 3, 2018

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نرگس کو مداحوں سے بچھڑے 37 برس بیت گئے


بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نرگس کو مداحوں سے بچھڑے 37 برس بیت گئےویب ڈیسک:(03 اپریل 2018) بالی ووڈ میں ایک عرصے تک اداکاری کے جوہر دکھانے والی نرگس کے چاہنے والے آج ان کی اڑتیس ویں برسی منا رہے ہیں۔بولی ووڈ کی پہلی بیوٹی کوئین کہلائی جانے والی خوبرو اداکارہ نرگس انیس سو انتیس میں بھارت کے شہر کولکتہ میں پیدا ہوئیں۔ان کا اصل نام فاطمہ رشید تھا۔اداکارہ نرگس نے انیس سو پینتیس میں چھ سال کی عمر میں فلم تلاش حق میں بطور چائلڈ اسٹار کام کیا۔بحیثیت ہیروئن نرگس کی پہلی فلم آگ تھی جوانیس سو اڑتالیس میں ریلیز ہوئی۔ اپنے تیس سالہ فلمی کیرئیرمیں نرگس نے تقریبا پچاس فلموں میں اداکاری کی۔انیس سو پچاس کی دہائی میں نرگس نے انڈین سینما کو سپر ہٹ کلاسیک فلمیں دیں، جن میں میلہ، برسات، شری چار سو بیس، دیدار اور چوری چوری شامل ہیں۔نرگس کی راج کپور کے ساتھ جوڑی کو بہت پسند کیا گیا تاہم دونوں اداکاروں نے انیس سو ستاون میں بننے والی فلم چوری چوری میں ایک ساتھ آخری بار کام کیا۔انیس سو ستاون میں آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد ہونے والی فلم مدر انڈیا میں نرگس فن کی بلندیوں پر نظر آئیں۔مدر انڈیا کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر لگنے والی آگ نے نرگس کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔ اس فلم میں نرگس کے بیٹے کا کردار ادا کرنے والے سنیل دت نے اپنی جان پر کھیل کر نرگس کی جان بچائی۔اور یہاں سے شروع ہوا نرگس اور سنیل دت کی زندگی کا نیا سفر جس کے کچھ عرصے بعد دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔نرگس باون سال تک زندہ رہیں اور انیس سو اکیاسی میں کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہو کر اس دار فانی سے رخصت ہوگئیں۔